مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے شعبۂ تعلقات عامہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ہدایات کی خلاف ورزی پر دو سپر آئل ٹینکرز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سپاہ پاسداران کی بحریہ ایران کے حقوق کے تحفظ کے لیے آبنائے ہرمز میں اپنی ذمہ داریوں پر پوری طرح قائم ہے۔
سپاہ پاسداران کے مطابق، امریکی فوج نے گزشتہ ناکامیوں سے سبق نہ لیتے ہوئے بعض بحری جہازوں کو ایک غیر قانونی راستے سے گزارنے کی کوشش کی۔ دو سپر آئل ٹینکرز نے امریکی ترغیب پر اپنے نیوی گیشن نظام بند کیے، آبنائے ہرمز کے سکیورٹی کنٹرول مرکز کی بارہا وارننگز کو نظر انداز کیا اور بارودی سرنگوں والے راستے سے گزرنے کی کوشش کی، جس کے بعد انہیں نشانہ بنایا گیا اور وہ ناکارہ ہوگئے۔
سپاہ پاسداران نے خبردار کیا ہے کہ خطے میں موجود غیر ملکی افواج کے ساتھ تعاون اور آبنائے ہرمز میں ممنوعہ راستوں سے گزرنے کی کوشش کے نتیجے میں نقصان، تاخیر اور عالمی توانائی کے بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
آپ کا تبصرہ